واشنگٹن:امریکی صدر کے ڈاکٹروں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حالت میں بتدریج بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ انھیں پیر کو ہسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل کر دیا جائے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کے علاج معالجے پر مامور ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ ان کے خون میں آکسیجن کی کمی دیکھنے میں آئی تھی، اس لئے سٹیرائیڈز دینا پڑی۔
امریکی صدر اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ ایک فوجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ دونوں شخصیات میں جمعے کے روز کورونا ی تشخیص ہوئی تھی۔ گزشتہ روز صدر ٹرمپ کے خون میں آکسیجن کی سطح 93 فیصد سے نیچے گر گئی تھی۔ انھیں سانس پھولنے کی شکایت پیدا ہوئی جس کے بعد انھیں ڈیکسامیتھازون دی گئی۔ تاہم اب ان کے خون میں آکسیجن کی سطح 98 فیصد ہے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صدر ٹرمپ نے اپنی صحت بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں آنے پر میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی لیکن اب میں بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ میرے خیال میں اصل امتحان آنے والے دنوں میں ہو گا، ہم دیکھتے ہیں کہ اگلے چند دنوں میں میری صحت کے حوالے سے کیا ہوتا ہے۔