پشاور والے گھر کا وہ کمرہ آج بھی یاد ہے جہاں خواتین نماز پڑھتی تھیں، دلیپ کمار

301

مبئی: بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع اپنے آبائی گھر کی یادیں شیئر کی ہیں۔

حال ہی میں خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں واقع بھارتی لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کی دوبارہ تزئین و آرائش کرکے انہیں میوزیم قرار دینے کا فیصلہ کیاہے۔ اس خبر کو سن کر بھارت میں موجود دلیپ کمار اور ان کی اہلیہ بہت خوش ہیں۔

دلیپ کمار نے چند روز قبل پشاور کے شہریوں سے ان کے آبائی گھر کی تصاویر شیئر کرنے کی بھی درخواست کی تھی اور اب ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے چند ٹوئٹس کی گئی ہیں جن میں انہوں نے پشاور والے گھر میں گزارے گئے وقت اور اپنے بچپن کی حسین یادیں لوگوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔

دلیپ کمار نے لکھا ہمارے پشاور والے گھر میں میری والدہ ہمیشہ بڑے سے کچن میں مصروف رہتی تھیں اس وقت میں بہت چھوٹا تھا اور انتظار کرتا تھا کہ کب میری والدہ کچن کے کام ختم کریں تاکہ میں ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کا خوبصورت چہرہ دیکھ سکوں۔