امریکا کا ایمریٹس ائیر لائن پر 4 لاکھ ڈالرز کا بھاری جرمانہ

265

امریکا نے متحدہ عرب امارات کی سرکاری ائیر لائن ایمریٹس ائیر پر 4 لاکھ ڈالرز کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔

امریکا کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے شدید سیاسی اختلافات کے دوران ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے پر ایمریٹس ائیر لائن پر جرمانہ عائد کیا گیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اگر ائیر لائن ایک سال کے اندر دوبارہ ایسی غلطی نہیں کرتی تو اس کا آدھا جرمانہ معاف ہو جائے گا۔

امریکا کی ایوی ایشن انتظامیہ نے فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی ایران کی جانب سرویلنس ڈرون مار گرائے جانے کے باعث عائد کی تھی اور امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایجنسی کا خیال ہے کہ ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث امریکا کے مسافر بردار جہاز کو بھی ملٹری طیارہ قرار دینے کا خطرہ موجود ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ایمریٹس ائیر لائن کی نیو یارک جانے والی پرواز نے جیٹ ائیرویز کی پرواز کا کوڈ استعمال کیا، حالانکہ جیٹ بلیو کی پرواز  صرف اسی صورت میں یہ کوڈ استعمال کر سکتی ہے اگر طیارہ جیٹ بلیو کا ہی ہو۔

دوسری جانب ایمریٹس ائیر لائن کی انتظامیہ کا کہنا ہے وہ نہیں سمجھتے کہ ان کی پرواز سے کوئی خلاف ورزی سرزد ہوئی لیکن معاملے کے حل کے لیے ان کی کمپنی جرمانہ ادا کرنے پر رضامند ہے۔