لائیو اسٹریمنگ کے دوران سابق شوہر نے خاتون کو زندہ جلادیا

238

لائیو اسٹریمنگ کے دوران چینی ولاگر  و انفلوئنسر کے سابقہ شوہر نے مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر ان پر آگ لگا دی جس کے باعث خاتون انتقال کر گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے سیچوان سے تعلق رکھنے والی ولاگر خاتون لامو ’ڈوین‘ (چینی ٹک ٹاک ورژن) پر کافی مقبول تھیں اور ان کے متعدد فالوورز تھے۔

30 سالہ چینی خاتون کو ان کی ویڈیوز اور پوسٹس کی وجہ سے خوب پزیرائی ملی اور ان کی ایک ویڈیو کو لاکھوں لوگ لائیک کرتے تھے۔

14 ستمبر کو خاتون لائیو اسٹریمنگ کر رہی تھیں کہ اس دوران اچانک ان کے سابقہ شوہر نے گھر میں گھس کر ان پر حملہ کیا اور پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

سابق شوہر کے حملے کے بعد خاتون کا جسم 90 فیصد تک جھلس گیا تھا جس کے بعد وہ دو ہفتے اسپتال میں زیر علاج رہیں اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

چینی انفلوئنسر کے انتقال کے بعد چین کی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر چین میں خواتین پر تشدد کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔