لندن کی ہائی کورٹ نے برطانوی اخبار دی میل کو میگھن مارکل کی سوانح حیات میں بیان کی گئی باتوں کو قانونی کیس میں ترامیم کے ساتھ شامل کرنے کی اجازت دے دی۔
دی میل نے لندن ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ اسے میگھن مارکل کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے میں ترامیم کی اجازت دی جائے جو عدالت نے منظور کرلی۔
برطانوی اخبار نے عدالت سے اجازت مانگی تھی کہ اسے میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کی رواں برس اگست میں شائع ہونے والی سوانح حیات کا مواد قانونی مقدمے میں شامل کرنے کی اجازت دی جائے۔
میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کی دو مشترکہ لکھاریوں کی لکھی گئی سوانح حیات اگست 2020 میں شائع ہوئی تھی، جس میں ایسی باتیں بھی شامل ہیں جنہیں شاہی جوڑا ذاتی معلومات قرار دیتا رہا ہے اور ایسی باتوں کو شائع کرنے پر شاہی جوڑے نے دی میل کے مذکورہ مقدمہ بھی دائر کیا تھا۔