انقرہ:آرمینیا نے الزام عائد کیا ہے کہ ترکی نے ہمارا جنگی طیارہ مارا گرایا ہے۔ دوسری طرف انقرہ نے طیارے گرانے کی تردید کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان آرمینی وزیر دفاع نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے ایف 16 طیارے نے آرمینیا کے سخوئی 25 جنگی طیارے کو مارگرایا۔ طیارے میں سوار آرمینیا کا پائلٹ بھی مارا گیا۔ طیارہ ملٹری اسائنمنٹ پر آرمینیا کی فضائی حدود میں ہی پرواز کررہا تھا۔
اُدھر ترک صدر کے ترجمان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ آرمینیا کی جانب سے طیارہ گرانے کے دعوؤں کی تردید کر دی اور کہا کہ ترکی پر طیارہ گرانے کا الزام سراسر بے بنیا دہے، منفی پروپیگنڈے کی بجائے مقبوضہ علاقوں سے افواج واپس بلائی جائے
اس سے قبل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں تعینات آرمینیا کے سفیر نے ایک بار پھر ترکی پر آرمینیا اور آذر بائیجان کے درمیان جاری جنگ میں مداخلت کا الزام عائد کیا ہے۔
امارات میں آرمینیا کے سفیر مھیر میکرڈومیان نے عرب خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آذر بائیجان کو آرمینیا کے خلاف جنگ میں ترکی کی کھلی مدد اور حمایت حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ باکو اور یریوان کے درمیان جنگ جاری ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان کسی نے ثالثی نہیں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ آذربائیجان نے کیا ہے اور وہی اس کے نتائج کا ذمہ دار ہے۔