نئی دہلی: انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی حکومت کی جانب سے مسلسل ہراساں کیے جانے پر کام بند کردیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بھارت میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بینک اکاؤنٹ منجمد کردیے گئے جس کے نتیجے میں اس نے اپنے ملازمین کو فارغ کرکے بھارت میں جاری کام بندکردیا۔ ایمنسٹی نے کہا کہ مودی حکومت انسانی حقوق کی تنظیموں کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے انڈیا میں سینیئر ریسرچ ڈائریکٹر رجت کھوسلہ نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسے مودی حکومت کی جانب سے شدید ہراسانی کا سامنا ہے جس میں منظم حملے اور دھمکیاں بھی شامل ہیں، جس کی وجہ بھارت میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں مسلم کش فسادات ہوں یا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، مودی حکومت ایمنسٹی کے کسی سوال کے جواب نہیں دینا چاہتی۔