فرنچ اوپن: سیمونا ہیلپ اور سولہ سالہ کوکو گف کا فاتحانہ آغاز

358

پیرس:ٹینس گرینڈ سلیم فرنچ اوپن میں سیمونا ہیلپ اور سولہ سالہ کوکو گف کا فاتحانہ آغاز، وائلڈ کارڈ انٹری ہولڈر اینڈی مرے پہلے ہی راؤنڈ میں ہار کر باہر ہو گئے۔

کورونا وائرس کے باعث تاخیر کا شکار ٹینس گرینڈ سلیم فرنچ اوپن کا میلہ سج گیا۔ ویمن سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ سیمونا ہیلپ کا سپینش حریف سے میچ ہوا۔ رومانین کھلاڑی نے تجربہ کاری اور برتری کی دھاک بٹھاتے ہوئے چھ چار اور چھ صفر سے فتح پائی۔

دوسرے بڑے میچ میں کم عمر ترین کوکو گف کا انگلش مدمقابل جوہانہ کونٹا سے مقابلہ ہوا۔ سولہ سالہ امریکی کھلاڑی نے سٹریٹ سیٹس کی جیت سے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ ان کی کامیابی کا سکور چھ تین چھ تین رہا۔

مین سنگلز کے مقابلے میں انجریز میں گھرے اینڈی مرے کو سوئس سٹار واورینکا سے سامنا ہوا۔ سوئس کھلاڑی نے وائلڈ کارڈ انٹری ہولڈر اینڈی مرے کی ایک نہ چلنے دی۔ انہوں نے سٹریٹ سیٹس میں فتح سمیٹی اور چھ ایک، چھ تین اور چھ دو سے جیت حاصل کی۔