11 سال بعد آخرکار اوتار 2 کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی

308

ہولی وڈ ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے اپنی فلم اوتار کو 2009 میں ریلیز کیا تھا جس نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 ارب 79 کروڑ ڈالرز کمائے تھے۔

لگ بھگ 10 سال تک سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا ریکارڈ اوتار کے نام رہا تھا جو گزشتہ سال ایوینجرز اینڈ گیم نے توڑا۔

فلم کی کامیابی کے بعد جیمز کیمرون نے اس کے 5 سیکوئلز پر کام کرنے کا اعلان کیا تھا مگر 11 سال بعد بھی کسی ایک کو ریلیز نہیں کیا جاسکا۔

تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران اوتار کے سیلوئلزز کے سیٹس کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں جن کی شوٹنگ نیوزی لینڈ میں جاری تھی۔

اب جیمز کیمرون نے اعلان کیا ہے کہ 11 سال بعد آخرکار اوتار 2 کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ اس کے تیسرے حصے کا کام بھی لگ بھگ ختم ہوچکا ہے۔

ویسے فلم کی تیاری میں اتنی تاخیر حیران کن بھی نہیں کیونکہ جیمز کیمرون نے اوتار کی تیاری کا آغاز 1994 میں اس وقت کیا تھا جب انہوں نے اس کا 80 صفحات پر مشتمل مرکزی خیال تحریر کیا۔

اس فلم کی عکسبندی 1997 میں ٹائٹینک کے بعد شروع ہونی تھی مگر ڈائریکٹر جس قسم کی ٹیکنالوجی کے خواہشمند تھے وہ اس وقت انہیں مل نہیں سکی۔

یہاں تک کہ فلم میں جس خلائی زندگی کو دکھایا گیا، اس کے لیے زبان بھی خود تیار کی گئی اور یہ اپنے دور کی مہنگی ترین فلم تھی، جس پر 23 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز خرچ کیے گئے۔

آسٹرین ورلڈ سمٹ انوائرمنٹل کانفرنس کے دوران آرنلڈ شوازینگر سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے کہا ‘ہم اس وقت نیوزی لینڈ میں شوٹنگ میں مصروف ہے، ہم نے اوتار 2 کی سو فیصد شوٹنگ مکمل کرلی ہے جبکہ اوتار 3 کی 95 فیصد شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے’۔