نیویارک: اقوام متحدہ نے آذر بائیجان اور آرمینیا سے فوری جنگ بندی کی اپیل کردی ہے۔ یہ اپیل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گو تریس نے کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتو نیو گو تریس نے آذر بائیجان اور آرمینیا کے درمیان شروع ہونے والی جنگ پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے آذربائیجان اور آرمینیا سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بند کریں اور تصفیہ طلب امور پر مذاکرات کریں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتو نیو گو تریس نے طاقت کے استعمال کی مذمت کی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان سرحدی تنازع پر جھڑپیں شدت اختیار کر گئی ہیں جس کے بعد بھاری اسلحے کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آرمینیا نے متنازع ریجن میں مارشل لا نافذ کرکے فوج کی منتقلی شروع کردی ہے۔
آرمینیا ںے آذربائیجان کے دو ہیلی کاپٹرز اورتین ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
آرمینیا کے وزیر اعظم کے مطابق آذربائیجان کی فوج نے فضائی حملہ کیا ہے جب کہ آذربائیجان کے حکام کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسندوں کے حملے کے بعد جوابی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان شروع ہونے والی جنگ پر یورپی یونین، فرانس اور روس سمیت دیگرممالک نے متنازع علاقے میں فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔