بھارت کے سابق وزیر دفاع جسونت سنگھ انتقال کرگئے ہیں۔ ان کی آخری رسومات جودھپور میں ادا کی جائیں گی۔
جسونت سنگھ بھارت کے وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ بھی رہے۔ جسونت سنگھ کو قائداعظم پر کتاب لکھنے پر بی جے پی نے 6سال کیلئے پارٹی سے نکال دیا تھا۔
سابق وزیر دفاع کی عمر82 سال تھی۔ انہیں رواں سال جون میں اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جسونت سنگھ کی موت اتوار کی صبح چھ بجے کے بعد ہوئی۔
انہیں قائداعظم پر کتاب لکھنے اور بانی پاکستان کی تعریف کرنے پر بھارتی جنتا پارٹی نے انہیں2009 میں پارٹی سے بے دخل کر دیا تھا جس کے بعد وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑتے رہے۔
جسونت سنگھ کی کتاب ‘جناح تقسیم ہند کے آئینے میں’ پر گجرات میں پابندی لگا دی گئی تھی لیکن ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد محمد علی جناح پر تحریر کردہ ان کی کتاب سے پابندی ہٹا لی گئی تھی۔
جسونت سنگھ کی موت پر وزیر اعظم مودی نے تین ٹویٹس کیے ہیں جن میں مرحوم کو مختلف سماجی اور سیاسی نظریے والے شخص کے طور پر یاد کیا گیا ہے۔
بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے بانیوں میں سے ایک جسونت سنگھ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کے دوران مختلف وزارتوں کے کابینی وزیر کے عہدوں پر فائز رہے۔