نیوزی لینڈ نے پاکستان، ویسٹ انڈیز کے کرکٹ دوروں کی منظوری دے دی

268

نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حکومت نے قرنطینہ انتظامات کی منظوری دے دی جس کے بعد آنے والے مہینوں میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دورہ کریں گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ان دوروں سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے کھیل کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ‘یہ ہمارے لیے بہت اہم ہے اور ہماری مالی لائف لائن ہے۔’

ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ‘بین الاقوامی کرکٹ سے پورے نیوزی لینڈ میں کرکٹ کے کھیل کو مالی مدد ملتی ہے، اس لیے یہ ہمارے لیے انتہائی اہم ہے۔’

انہوں نے کہا کہ ٹیمیں پہلے آک لینڈ پھر وہاں سے چارٹر فلائٹ کے ذریعے کرائسٹ چرچ پہنچیں گی، جہاں وہ قرنطینہ میں رہنے کے دوران لنکَن یونیورسٹی میں نیوزلینڈ کرکٹ کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں پریکٹس کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کو صحت اور ٹیسٹنگ کے حوالے سے حکومت کے طے شدہ پروٹوکولز پر عمل کرنا ہوگا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ‘یہ عمل سستا نہیں ہوگا، ہمیں اخراجات برداشت کرنے ہوں گے لیکن ہم اس پر خوش ہیں اور پوری طرح سمجھتے ہیں کہ میزبان ہی اخراجات برداشت کرتے ہیں۔’

انہوں نے کہا کہ ‘ہمیں حکومت کی رہنمائی حاصل ہو گی، وہ جو بھی مطالبہ کریں گے ہم اس پر عمل کریں گے۔’

نیوزی لینڈ کے وزیر کھیل گرانٹ رابرٹسَن نے کہا کہ دورہ کرنے والی ٹیموں کے لیے قرنطینہ کے انتظامات آسان نہیں ہوں گے، تاہم بین الاقوامی کھیل کے دوبارہ نیوزی لینڈ میں انعقاد کے لیے یہ کوشش سودمند ہوگی۔