دنیا کو بھارتی مظالم دکھانے والی کشمیری خاتون صحافی کو ایوارڈ سے نواز دیا گیا

261

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم پوری دنیا کو دکھانے والی کشمیر کی بہادر خاتون صحافی مسرت زہرا کو اعلیٰ ترین صحافتی ایوارڈ پیٹر میکلر سے نواز دیا گیا۔

خیال رہے کہ پیٹر میکلر ایوارڈ کا قیام 2008 میں لایا گیا تھا اور مسرت زہرا سمیت مذکورہ ایوارڈ دنیا بھر کے 12 صحافیوں کو دیا جا چکا ہے۔

گزشتہ ماہ اگست میں وادی کشمیر کی بہادر فوٹوجرنلسٹ مسرت زہرا کو صحافیوں کے عالمی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز اور فرانسیسی خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) کے تعاون سے چلنے والی تنظیم گلوبل میڈیا فورم ٹریننگ گروپ (جی ایم ایف ٹی جی) نے ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔

عالمی تنظیم پیٹر میکلر ایوارڈ ہر سال نمایاں مسائل کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو دیتی ہے۔

ایوارڈ کی ورچوئل تقریب کے دوران 26 سالہ صحافی نے کہا کہ ‘ اس انڈسٹری میں کام کرنے کا مطلب سچ سامنے لانا ہے’۔

مسرت زہرا کی تصاویر میں ان خواتین کی کہانیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے جنہیں ورنہ جنوبی ایشیا میں بھلادیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ میری تصاویر کشمیر میں موجود لوگوں کی روزمرہ کی جدوجہد کی جھلک پیش کرتی ہیں۔

مسرت زہرا نے کہا کہ یہ(تصاویر) تنازع کے ذریعے خاموش کروائے گئے لوگوں کی آواز بنتی ہیں۔