بریگزٹ معاہدہ، کھیل کھیلنا بند کرو: جرمنی کی برطانیہ کو دھمکی

421

برلن:جرمنی نے برطانیہ کو انتباہی انداز میں کہا ہے کہ بریگزٹ معاہدے کے حوالے سے کھیل کھیلنا بند کرو۔

لندن میں وزیر اعظم بورس جانسن کی قدامت پسند حکومت ملکی پارلیمان کے ذریعے ایسی قانون سازی کرنا چاہتی ہے، جس کے تحت وہ بریگزٹ معاہدے کے حوالے سے خود پر عائد ہونے والی ذمے داریوں سے بری ہو سکے۔

اس پس منظر میں جرمنی کے یورپی امور کے وزیر مملکت میشائل رَوتھ نے کہا کہ جانسن حکومت کو اب دراصل یورپی یونین کے ساتھ اس تجارتی معاہدے کی فکر کرنا چاہیے، جس کو حتمی شکل دینے کے لیے اس کے پاس بہت ہی کم وقت بچا ہے۔

میشائل رَوتھ برسلز میں یورپی یونین کے وزراء کے اس اجلاس سے پہلے صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے، جس کا مقصد یونین کی اسی ہفتے ہونے والی ایک سربراہی کانفرنس کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا ہے۔

جرمن وزیر نے کہا کہ یہ بات بہت ہی پریشان کن ہے کہ لندن حکومت برطانیہ میں داخلی منڈی سے متعلق ایک ایسا نیا قانون منظور کروانا چاہتی ہے، جو بین الاقوامی قانون سے متصادم ہو گا۔

میشائل رَوتھ نے کہا کہ میں لندن میں اپنے دوستوں سے کہوں گا کہ وہ بریگزٹ ڈیل سے متعلق کھیل کھیلنا بند کریں۔ ان کے پاس اب بہت ہی کم وقت بچا ہے۔ ہمیں لندن کے ساتھ مزید مذاکرات کے لیے منصفانہ بنیادوں کی ضرورت ہے اور ہم انہی بنیادوں پر مزید بات چیت کے لیے تیار ہیں۔