سان فرانسسكو: آئی فون اور دیگر مصنوعات بنانے والے مشہور کمپنی ایپل نے ایپل واچ سیریز سکس اپنی مجازی تقریبِ رونمائی میں پیش کردی ہے۔
اس بار واچ میں صحت اور جسمانی بہتری پر زور دیتے ہوئے جدید فیچر شامل کئے گئے ہیں جن میں حساس آکسی میٹر بھی موجود ہے۔ تجزیہ کاروں نے اسے کورونا وبا کے تناظر میں ایک اہم اختراع قرار دیا ہے کیونکہ دنیا بھر میں جہاں ماسک، سینیٹائزر کے ساتھ ساتھ خون میں آکسیجن کی مقدار ناپنے والے آکسی میٹر کی شدید قلت بھی دیکھی گئی تھی۔ اس تقریب کو دنیا بھر میں دس لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن دیکھا ۔
ڈسپلے کی سطح پر میموجی کا اضافہ کیا گیا ہے جو ایک کسٹمائز اوتار ہے جسے آپ اپنی شخصیت کے لحاظ سے تبدیل کرسکتے ہیں۔ ایپل نےیہ بھی بتایا کہ اس نے ڈاکٹروں اور دیگر ماہرین کے اشتراک سے صحت و امراض کے طویل مطالعات بھی کئے ہیں ۔ ان کی معلومات سے ایپل واچ میں بطورِ خاص صحت اور فٹنس کے نئے فیچر شامل کئے گئے ہیں۔
اس میں آئی فون الیون کا پروسیسر لگایا گیا ہے جس کے بعد فائیوسیریز کے مقابلے میں اس کی کارکردگی 26 فیصد زائد ہوگئی ہے۔ دوسری جانب اس میں اے 13 چپ لگائی گئی ہے۔ ایپل واچ فائیو کے بعض صارفین نے تاریک اسکرین کی شکایت کی تھی جبکہ نئے ماڈل میں روشنی کو ڈھائی گنا تک بڑھایا گیا ہے۔ اس کی بدولت تیز دھوپ میں بھی گھڑی کو دیکھا اور سمجھا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق نئی ایپل واچ کی قیمت 399 ڈالرسے شروع ہورہی ہے۔