جینیوا: اسلامی تعاون تنظیم نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق پر فلسطین ، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مؤثر آواز اٹھانے کے لیے زور دیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق جینیوا میں جاری کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے او آئی سی کی نمائندگی کرتے ہوئے بیان دیا۔ انہوں ںے کہا کہ او آئی سی کو دنیا میں اسلامو فوبیا اور مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش ہے۔
انہوں نے فرانسیسی میگزین کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور مذہبی کتب کو جلانے جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنا ردعمل پر اکسانے کی کوشش ہے۔ آزادیٔ اظہار کی آڑ میں ایسی کوششوں کو جواز فراہم نہیں کیا جاسکتا۔