سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے اہلکاروں پر سرچ آپریشن کے دوران حملہ کیا گیا ہے جس کے نیتجے میں 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوجیوں نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران نامعلوم حملہ آوروں نے بھارتی فوج کی گاڑی پر دھاوا بول دیا۔
بھارتی فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم حملہ آوروں کی فائرنگ سے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد مزید نفری کو طلب کیا گیا ہے۔ زخمی اہلکاروں کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی فوج کی گاڑی بارودی سرنگ سے گزر گئی جس پر زوردار دھماکا ہوگیا اور میجر سمیت دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے جن میں سے ایک اہلکار نے دوران علاج اگلے روز دم توڑ دیا تھا۔