عمان کا اسرائیل-بحرین ‘امن معاہدے’ کا خیر مقدم

252

عمان نے اسرائیل اور بحرین کے مابین ‘امن معاہدے’ کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے اسرائیلی فلسطین کے امن میں مدد ملے گی۔

حکومت نے بیان میں کہا کہ ‘(عمان) امید کرتا ہے کہ بعض عرب ممالک کی جانب سے اٹھائے گئے نئے تزویراتی اقدامات فلسطینی زمینوں پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور مشرقی یروشلم کے ساتھ دارالحکومت کے طور پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر مبنی امن قائم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے’۔

اسرائیل کے وزیر انٹلی جنس نے 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے معاہدے کے اعلان کے کچھ دن بعد کہا تھا کہ عمان بھی اس ملک کے ساتھ تعلقات کو باضابطہ طور پر تشکیل دے سکتا ہے۔

عمان نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے فیصلوں کا خیرمقدم کیا ہے لیکن معمول کے تعلقات کے اپنے امکانات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

2018 میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاھو نے عمان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے عمانی رہنما سلطان قابوس سے مشرق وسطی میں امن اقدامات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔