مُردوں کے جی اٹھنے پر مبنی سیریز ‘دی واکنگ ڈیڈ’ 2022 میں ختم کرنے کا اعلان

210

مُردوں کے جی اٹھنے سے متعلق امریکی ہارر ٹیلی ویژن سیریز ‘دی واکنگ ڈیڈ’ کا سفر ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جو 2 سال بعد ختم ہوجائے گا۔

دی واکنگ ڈیڈ کو 2010 میں پہلی مرتبہ نشر کیا گیا تھا اور ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ یہ سیریز ٹی وی پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والی سیریز تھی۔

امریکی خبررساں ادارے ‘اے پی’ کی رپورٹ کے مطابق امریکی چینل اے ایم سی کی سیریز 24 اقساط پر مشتمل 11ویں سیزن کے ساتھ اختتام پذیر ہوجائے گی۔

دی واکنگ ڈیڈ کا یہ سیزن 2 سال کے عرصے پر محیط ہوگا جو ممکنہ طور پر 2022 میں ختم ہوگا۔

آج کل سیریز کے 10ویں سیزن کی توسیعی اقساط نشر ہورہی ہیں جن میں سے 6 اقساط کو نشر نہیں کیا گیا اور وہ آئندہ برس تک پیش کی جائیں گی۔

2022 کے اواخر میں دی واکنگ ڈیڈ کا سفر اختتام کو پہنچنے کے اعلان کے ساتھ ہی اے ایم سی نے 2023 میں ڈیرل ڈکسن اور کیرول پیلیٹیئر پر مبنی ایک نئی سیریز شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس حوالے سے چینل نے کہا کہ ٹیلز آف دی واکنگ ڈیڈ کی منتخب سیریز نئے اور موجودہ کرداروں پر توجہ مرکوز کرے گی جس میں دیگر پروجیکٹس شامل ہوں گے۔

علاوہ ازیں فیئر دی واکنگ ڈیڈ کا چھٹا سیزن 11 اکتوبر کو شروع ہورہا ہے جبکہ نیا دی واکنگ ڈیڈ: ورلڈ بیونڈ 4 ستمبر سے شروع ہوگا۔