ایک اور بھارتی اداکارہ کی خودکشی

214

بھارت میں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد میں خود کشی کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے اور اب ایک اور بھارتی اداکارہ کی جانب سے خود کشی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

حیدر آباد پولیس کے مطابق تیلگو اداکارہ کونڈا پلی سراوانی نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں خودکشی کی۔

پولیس حکام کے مطابق مبینہ خودکشی کا واقعہ منگل کے روز پیش آیا، اداکارہ نے اپنے بیڈ روم میں خود کو پھندا لگا کر خودکشی کی، واقعے کے وقت اداکارہ کے گھر والے بھی گھر پر موجود تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کے پہلے دیوراج نامی شخص کے ساتھ تعلقات تھے اور جون میں اداکارہ نے دیوراج کے خلاف جنسی ہراسانی کی درخواست بھی دائر کرائی تھی اور اداکارہ نے دوبارہ سے دیوراج سے ملنا ملانا شروع کر دیا تھا جس پر اس کے گھر والے اس سے پوچھا تھا اور پھر اسی روز رات میں اداکارہ نے خودکشی کر لی۔

حیدرآباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر کے دیوراج کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بالی وڈ ادکار سشانت سنگھ راجپوت سمیت بھارتی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی 5 شخصیات خود کشی کر چکی ہیں۔