گلوکاری کے بعد حدیقہ کیانی اداکاری میں قدم رکھنے کیلئے تیار

232

لاہور:پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ حدیقہ کیانی ڈراما انڈسٹری میں بطور اداکارہ قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان کی معروف گلوکارہ و موسیقار حدیقہ کیانی گلوکاری کے میدان میں کامیابی کے بعد اب اداکاری میں قسمت آزمانے کے لیے تیار ہیں۔ حدیقہ کیانی کے ایکٹنگ ڈیبیو سے متعلق اداکارہ فریال محمود نے انسٹاگرام پر پوسٹ کے ذریعے آگاہ کیا۔

فریال محمود نے حدیقہ کیانی کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں مداحوں کو یہ حیران کن خبر دی۔

انہوں نے لکھا کہ یہ اب تک کا سب سے بڑا سرپرائز ہے کہ گلوکارہ حدیقہ کیانی   رقیب سے  نامی ڈرامے میں اپنا ایکٹنگ ڈیبیو کریں گی۔

اپنی پوسٹ میں فریال محمود نے حدیقہ کیانی کی تعریف بھی کی اور لکھا کہ میں ہمیشہ یہی سوچتی تھی کہ آپ کی شخصیت کیسی ہوگی لیکن آپ کو جاننے کے بعد جو میں نے خوشی محسوس کی ہے وہ پہلے کبھی محسوس نہیں کی۔

فریال محمود نے مزید بتایا کہ حدیقہ کیانی اب جلد ایک نئے روپ میں دکھائی دیں گی اور ساتھ ہی لکھا کہ وہ اداکاری کی دنیا میں حکمرانی کرنے آرہی ہیں۔

ادکارہ کی پوسٹ پر مداحوں نے خوشی اور حیرت کا اظہار کیا جبکہ گلوکارہ آئمہ بیگ نے کمنٹ کیا کہ وہ اس حوالے سے کافی پُرجوش ہیں۔ تاہم اب تک حدیقہ کیانی کی جانب سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

خیال رہے کہ حدیقہ کیانی کے ڈیبیو سے متعلق فریال محمود نے جس ڈرامے کا ذکر کیا ہے اس میں اداکاری کا اعلان گزشتہ ہفتے اداکارہ اقرا عزیز نے بھی کیا تھا۔

اقرا عزیز نے گزشتہ ہفتے انسٹاگرام پر رقیب سے کی اسکرپٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس ڈرامے میں اداکاری کا اعلان کیا تھا۔