لندن: برطانیہ میں کرونا کے ممکنہ متاثرہ سابق پولیس چیف نے بیوی اور بچوں کی مہلک وائرس سے حفاظت کے لیے اپنی جان لے لی، موت سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے علاقے ڈیون اور کورنوال میں بحیثیت اسسٹنٹ پولیس چیف اپنی ذمے داری نبھانے والے ویبسٹر رواں سال مارچ میں ریٹائر ہوئے تھے، بعد ازاں ان میں کرونا علامات ظاہر ہوئیں جس کے باعث پولیس افسر نے بیوی بچوں کو کرونا سے بچانے کے لیے اپنی جان لے لی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق اسسٹنٹ پولیس چیف نے اپنی اہلیہ اور دو بچوں کی کرونا سے حفاظت کے لیے خودکشی کی، وبا کی علامات ظاہر ہونے پر وہ ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہوچکے تھے اور ان کے چہرے سے مایوسی عیاں ہوتی تھی۔
پولیس افسر نے تقریباً 8 دن قرنطینہ میں گزارے، آئسولیشن کے دوران وہ ویڈیو کال کے ذریعے اپنے اہل خانہ سے باتیں بھی کیا کرتے تھے۔ بیوی کا کہنا ہے کہ ویبسٹر کے چہرے پر مایوسی صاف ظاہر ہوتی تھی۔