مسقط : سلطنت عمان نے یکم اکتوبر2020 سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مذکورہ پروازیں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی۔
عمانی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی نگراں اعلیٰ کمیٹی نے اجلاس میں یکم اکتوبر سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے طے کیا گیا ہے کہ پروازیں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی۔ ان کی شروعات ایسے اسٹیشنوں سے کی جائے گی جہاں کورونا وبا کے مسائل قابو میں ہوں گے۔ علاوہ ازیں دیگر فضائی کمپنیوں کے ساتھ دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سلطنت عمان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے262 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، متاثرین کی تعداد بڑھ کر 87 ہزار72ہوگئی جبکہ اب تک 82 ہزار 406 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عمان حکومت نے مارچ میں بین الاقوامی پروازیں معطل کردی تھیں۔