کورونا وائرس کا ڈر، ٹینس سٹار ایشلے بارٹی فرنچ اوپن سے بھی دستبردار

232

پیرس: کورونا وائرس کے ڈر سے عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار ایشلے بارٹی فرنچ اوپن سے بھی دستبردار ہو گئی ہیں۔

تفصیل کے مطابق وبائی وائرس نے کھیل اور کھلاڑی پر ایک اور وار کر دیا۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایشلے بارٹی نے فرنچ اوپن میں بھی شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

عالمی نمبر ایک اور فرنچ اوپن کی دفاعی چیمپئن ایشلے بارٹی کے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے سے ٹینس حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے وہ امریکا میں جاری یو ایس اوپن میں بھی شریک نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایشلے بارٹی نے یو ایس اوپن میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔ اپنے بیان میں ایشلے بارٹی نے کہا تھا کہ وہ اپنی اور ٹیم ممبرز کی زندگی خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتیں۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے التوا کا شکار فرنچ اوپن پر اپنے خدشات ظاہر کر دیئے اور کہا کہ موجودہ حالات میں وہ فرانسیسی گرینڈ سلیم میں اِن ایکشن ہوتی ہیں یا نہیں، جلد فیصلہ سنا دیں گی۔