چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز نا جیتنے پر افسوس ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز نہ جیتنے کا پچھتاوا ہے، انگلینڈ کا دورہ بہت اہم تھا کیونکہ کرکٹ کئی مہینوں تک بند تھی، بطور ٹیم اور کوچ اس سیریز کے ہارنے پر افسوس رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 30 کھلاڑی تیاری کے بغیر گئے تھے، اس کے باوجود مجموعی طور پر کارکردگی قدرے بہتر ہی رہی جب کہ غیر معمولی صورتحال میں دورہ کرنے پر انٹرنیشنل میڈیا نے ہماری ٹیم کو سپورٹنگ ٹیم کہا جو مثبت چیز ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ حیدرعلی کو بھی ہم ہی لائے، سینئرز اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے آرہے تھے، حیدر کے بیٹنگ نمبر کی وجہ سے انہیں پہلے نہیں کھیلا سکے، حفیظ جب اعتماد میں دکھائی دیے تو ان کو موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کہا جاتا ہے پاکستان کے پاس فائر پاور نہیں، ہم نے 2 میچز میں 190 سے اوپر سکور کیا، بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں تاہم چیزیں آہستہ آہستہ مزید بہتر ہوں گی۔