ریا چکربورتی کا سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدنے کا اعتراف

282

رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ وہ اداکار کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی ہیں۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 6 ستمبر کو ریا چکربورتی سے تقریبا 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، جہاں انہوں نے کئی حیران کن انکشافات کیے۔

رپورٹ کے مطابق ریا چکربورتی نے اعتراف کیا کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کے لیے اپنے بھائی شووک چکربورتی کے ذریعے منشیات خریدتی رہی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ سشانت سنگھ منشیات کے عادی تھی اور وہ بعض مرتبہ فلم کی شوٹنگ پر بھی منشیات منگواتے تھے اور کئی بار وہ شوٹنگ پر منشیات ساتھ لے جاتے تھے۔

ریا چکربورتی نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کے بھائی دوسرے منشیات فروشوں سے نشہ خریدتے تھے اور وہ بھی ان منشیات فروشوں سے مل چکی ہیں۔

تاہم اداکارہ نے ان الزامات کو مسترد کیا کہ وہ خود بھی منشیات استعمال کرتی رہی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ وہ سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی ہیں، تاہم انہوں نے خود کبھی منشیات استعمال نہیں کی، البتہ وہ سگریٹ پیتی رہی ہیں۔

نارکوٹکس بیورو حکام نے ریا چکربورتی سے گرفتار کیے گئے تین افراد کے آمنے سامنے تفتیش کی۔

نارکوٹکس حکام نے ریا چکربورتی سے اپنے گرفتار بھائی شووک چکربورتی کے سامنے بھی سوالات کیے جب کہ حکام نے ان سے سشانت سنگھ کے منیجر اور باورچی کے سامنے بھی پوچھ گچھ کی۔

سشانت سنگھ کے منیجر سیموئل مرنڈا نے اداکارہ کے سامنے کہا کہ وہ ان کی ہدایت پر ہی اپنے باس کے لیے منشیات کا انتظام کرتے تھے۔

نارکوٹکس حکام نے اداکارہ سے سشانت سنگھ کے باورچی دیپیش ساونت کے سامنے بھی پوچھ گچھ کی۔

سشانت سنگھ کے باورچی نے نارکوٹکس حکام کو بتایا تھا کہ اداکارہ خود بھی منشیات استعمال کرتی رہی ہیں۔