ریشم نے علی ظفر کی حمایت اور خلیل الرحمٰن قمر پر تنقید کیوں کی؟

195

شاندار اداکاری کے باعث حال ہی میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ کے لیے نامزد کی جانے والی اداکارہ ریشم نے پہلی بار واضح کیا ہے کہ انہوں نے میشا شفیع کے الزامات کے بعد علی ظفر کی حمایت کیوں کی تھی؟

ساتھ ہی ریشم نے پہلی بار اس بات کی وضاحت بھی کی ہے کہ انہوں نے جہاں جنسی ہراسانی کے الزامات کے باوجود علی ظفر کی حمایت کی تھی، وہیں انہوں نے ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر کو تنقید کا نشانہ کیوں بنایا؟

محض 16 یا 17 سال کی عمر میں 1990 کے بعد اداکاری کا آغاز کرنے والی اداکارہ ریشم نے  بتایا کہ انہوں نے کیوں خاتون ہونے کے باوجود میشا شفیع کے بجائے علی ظفر کی حمایت کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ 2 دہائیوں سے علی ظفر کو جانتی ہیں اور انہوں نے آج تک انہیں کسی بھی خاتون کے حوالے سے کوئی بھی غیر اخلاقی بات کرتے ہوئے یا کسی خاتون کے ساتھ چھیڑخانی کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔