امریکا میں کورونا سے 4 لاکھ سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ

230

امریکا میں رواں سال کے اختتام تک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 لاکھ سے زائد ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ خدشہ واشنگٹن کی انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ یونیورسٹی نے کورونا وائرس کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں ظاہر کیا ہے۔

امریکا میں اب تک 63 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار ہو چکی ہے۔

یونیورسٹی کی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ  جنوری 2021 کے آغاز تک امریکا میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار تک پہنچ سکتی ہے جو کہ موجودہ ہلاکتوں کی تعداد کے دُگنا سے بھی زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر تک امریکا میں کوروناسے ہلاکتوں کی تعداد یومیہ 850 سے بڑھ کر3 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔

 ماہرین کاکہنا ہےکہ ٹھنڈا،کم مرطوب موسم اور لوگوں کے گھروں میں رہنے کا دورانیہ بڑھنے سے بھی کورونا کیسز بڑھنے کاخدشہ ہے جب کہ امریکا میں کورونا سے بچاؤکی ویکسین نومبر سے پہلے عام استعمال کے لیے مہیا ہونے کا بھی امکان نہیں ہے۔

ماہرین کا مزیدکہنا ہےکہ اگر امریکی شہری فیس ماسک کا استعمال پابندی سے کریں تو امید ہے کہ یہ ہلاکتیں 30 فیصد کم ہو جائیں گی۔

خیال رہے کہ امریکا سمیت دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی تیاری کا کام جاری ہے جب کہ امریکی دوا ساز ادارے نے رواں سال اکتوبر تک ویکسین کی تیاری کا امکان ظاہر کیا ہے۔