ترکی کا نیٹ فلیکس کو کم عمر لڑکی کی بولڈ فلم ریلیز نہ کرنے کا حکم

440

سٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ نے حال ہی میں ایوارڈ یافتہ فرانسیسی فلم ’کیوٹیز‘ کا مختصر ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں ماہ 9 ستمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

فلم کا ٹریلر اور پوسٹر سامنے آتے ہی دنیا بھر میں اس پر خوب تنقید کی گئی تھی۔

فلم انتہائی کم عمر لڑکیوں کو بولڈ انداز میں دکھانے پر دنیا بھر کے افراد نے اسٹریمنگ ویب سائٹ پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور اس سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ مذکورہ فلم کو ریلیز نہ کرے۔

فلم ’کیوٹیز‘ کے خلاف چینج آرگنائیزیشن پلیٹ فارم پر آن لائن پٹیشن بھی بنائی گئی تھی، جس میں نیٹ فلیکس سے مذکورہ فلم کو ریلیز نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اور اب ترک حکومت کے فلم اور میڈیا ریگولیٹر ادارے نے نیٹ فلیکس کو مذکورہ فلم کو ترکی میں ریلیز نہ کرنے کا کہا ہے۔

ترک حکومت کے ریڈیو اینڈ ٹیلی وژن ہائی کونسل (آر ٹی ایچ کے) کی جانب جاری بیان میں ’کیوٹیز‘ کو نامناسب فلم قرار دیتے ہوئے بتایا گیا کہ میڈیا ریگولیٹر ادارہ نیٹ فلیکس کو مذکورہ فلم کو ترکی میں بلاک کرنے کا حکم دے گا۔