جوبائیڈن کے ماسک پہننے پر امریکی صدر کی تنقید

270

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حریف صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو ماسک پہننے پر طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایسا آدمی دیکھا ہے جو ماسک بہت پسند کرتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران جو بائیڈن پر جملے کسے۔ انہوں نے کہا اس آدمی کے بڑے ہی مسائل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کو امریکا میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کےحوالے سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے پورٹ لینڈ کو تباہی قراردیتے ہوئے اسے نیشنل گارڈز کے ذریعے کنٹرول کرنے کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے سیاہ فام افراد کو گولیاں مارنے والے پولیس اہلکاروں کو ذمہ دار ٹھہرانے پر زور دیا تھا، انہوں نے صدر ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وبا سے امریکہ بھر میں ہونے والے نقصان کے امریکی صدر ذمہ دار ہیں۔