بحرین کی بھی ‘اسرائیلی پروازوں کو’ فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت

189

سعودی عرب کے بعد ایک اور عرب ریاست، بحرین نے بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) آنے والی اسرائیلی پروازوں کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

بحرین نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ‘متحدہ عرب امارات سے آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو فضائی راستہ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی’۔

یہ بیان بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی (بی این اے) کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں سعودی عرب ہی کی طرح اسرائیل کا نام استعمال نہیں کیا گیا تھا۔

تاہم واضح رہے کہ بحرین کا یہ اعلان سعودی عرب کی جانب سے گزشتہ دونوں اسرائیل کی کمرشل فلائٹ کو تل ابیب سے براہ راست متحدہ عرب امارت پرواز کے لیے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے کے بعد سامنے آیا۔

مذکورہ بیان میں بحرین کی جانب سے ان کے حریف ممالک، جن میں ایران اور قطر شامل ہیں، کے حوالے سے کوئی ذکر سامنے نہیں آیا، سعودی عرب اور امارات نے مذکورہ ممالک کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازیں قطر کے شمالی فضائی راستے سے گزرتی ہیں کیوں کہ دوحہ نے ان ممالک کی جانب سے بائیکاٹ کیے جانے کے بعد مذکورہ ممالک کے لیے فضائی حدود بند کردی تھیں۔