کورونا کے باوجود ’وینس‘ فلم فیسٹیول کا آغاز

396

کورونا کی وبا کے باوجود دنیا کے قدیم ترین اورمقبول ترین فلم فیسٹیولز میں سے ایک ’وینس‘ فیسٹیول کا آغاز کردیا گیا۔

اٹلی کے شہر وینس میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول کی انتظامیہ نے رواں سال پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وبا کے باوجود میلے کو مقررہ وقت پر منعقد کیا جائے گا۔

بعد ازاں انتظامیہ نے میلے کی حتمی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس بار میلا 2 سے 12 ستمبر تک جاری رہے گا، عام طور پر وینس فلم فیسٹیول 2 ہفتوں تک جاری رہتا ہے، تاہم اس بار اسے 10 دن تک محدود رکھا گیا ہے۔

’وینس‘ فلم فیسٹیول کی ویب سائٹ کے مطابق میلے کے پہلے دن 2 ستمبر کو 8 فلموں کی نمائش کی جائے گی، جس میں سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔