ہولی وڈ اداکار 57 سالہ جونی ڈیپ نے امریکی عدالت میں اپنی سابق اہلیہ اداکارہ امبر ہرڈ کے خلاف دائر کیے گئے ہرجانے کے مقدمے کا ٹرائل مؤخر کرنے کی درخواست دائر کردی۔
جونی ڈیپ نے مارچ 2019 میں سابق اہلیہ امبر ہرڈ کے خلاف ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی فیئرفیکس کی عدالت میں 5 کروڑ ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
جونی ڈیپ کی جانب سے ایسے وقت میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا جب کہ ان کی سابق اہلیہ نے معروف اخبار واشنگٹن پوسٹ میں خواتین پر گھریلو تشدد، انہیں گھریلو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنائے جانے پر ایک مضمون لکھا تھا۔
امبر ہرڈ نے اپنے مضمون میں امریکی حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ خواتین کو گھریلو تشدد، گھریلو جنسی ہراسانی اور استحصال سے بچانے کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھائیں۔