اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ نے حال ہی میں ایوارڈ یافتہ فرانسیسی فلم ’کیوٹیز‘ کا مختصر ٹریلر جاری کرتے ہوئے فلم کو رواں ماہ 9 ستمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔
’کیوٹیز‘ کو فرانس سمیت دیگر ممالک کے فلم فیسٹیولز میں پیش کیا گیا تھا اور اس نے باضابطہ ریلیز سے قبل ہی ایوارڈ جیتے تھے۔
فلم کے ٹریلر میں ہی انتہائی کم عمر لڑکیوں کو بولڈ انداز میں دیکھا جا سکتا ہے، جس پر دنیا بھر کے افراد نے ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ پر برہمی کا اظہار کیا اور اس سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مذکورہ فلم کو ریلیز نہ کرے۔
11 سال کی مسلم لڑکی کو فلم میں انتہائی بولڈ اور جنسی رجحانات کی جانب راغب دکھانے والی اس فلم کے ٹریلر پر ہی لوگوں نے اعتراض کیا اور نیٹ فلیکس کے خلاف آن لائن مہم شروع کرکے اس سے ’کیوٹیز‘ کو ریلیز نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔