بھارتی فوج کے بعد رافیل طیارے بھی کبوتروں سے ڈرنے لگے

226

ئی دہلی : بھارتی محکمہ شہری دفاع نے انبالہ ایئر پورٹ پر کھڑے رافیل طیاروں کے اطراف حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیئے ، کبوتر بازوں کو بھی چھت پر آنے کی اجازت نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق انڈین ایئر مارشل مانویندر سنگھ نے انبالہ ایئر بیس پر تعینات لڑاکا طیارے رافیل کی سیکورٹی کے پیش نظر ہریانہ کے چیف سکریٹری کو ایک خط لکھا ہے۔

اس خط میں ایئر مارشل نے انبالہ ایئر بیس پر تعینات رافیل طیاروں کی حفاظت کے لئے وہاں پرواز بھرنے والے پرندوں کو خطرہ قرار دیتے ہوئے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایئر مارشل کے خط کے بعد محکمہ شہری باڈیز نے ایئر فورس اڈے کے 10 کلومیٹر کے دائرے میں کبوتر اڑانے والے لوگوں (کبوتر بازوں) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے کبوتر اڑائے تو سخت کارروائی ہو گی۔

اس سے قبل ہریانہ کے انبالہ شہر کے حکام کو ہندوستانی فضائیہ کے اسٹیشن کو اڑانے کے لئے دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا۔ پولیس افسر نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ خط جمعہ کو موصول ہوا تھا، جس کے بعد افسران نے قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔

پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر انبالہ اسٹیشن پر حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔ آفیسر نے بتایا کہ یہ خط شرارت کے طور پر کچھ شرپسندوں نے بھیجا ہے۔