نیویارک: امریکی ڈیموکریٹک جماعت کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تشدد کو نہیں روک سکتے کیونکہ برسوں انہوں نے خود لوگوں کو مشتعل کیا ہے۔
جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک گیر مظاہروں کے دوران افراتفری، یہ ٹرمپ کا امن و امان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بہت پہلے ملک میں اخلاقی قیادت کو ختم کردیا تھا اور وہ تشدد روکنے کے بھی اہل نہیں کیونکہ خود لوگوں کو تشدد پر اکسانے میں ملوث ہیں۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ اپنے حامیوں کو روکنے میں ناکام ہو چکے ہیں، یہ ان کی کمزوری ظاہر کرتا ہے۔
جوبائیڈن نے سوال اٹھایا کہ کیا کسی کو یقین ہے ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ صدر منتخب کیا جائے توتشدد کم ہوگا؟
امریکی ڈیموکریٹک جماعت کے صدارتی امیدوار نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ، لوٹ مار اور تشدد کرنا احتجاج نہیں، کارروائی ہونی چاہیے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ صدارتی انتخاب میں کامیاب ہونے کی صورت میں امریکیوں ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا۔
نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں ری پبلکن پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت کے لیے صدارتی امیدوار کی نامزدگی منظور کی تھی۔