گزشتہ چند برس اسمارٹ فون کی صنعت کے لیے سخت ثابت ہوئے ہیں کیونکہ ڈیوائسز کی فروخت میں کمی بتدریج کمی آئی۔
مگر کوئی بھی کمپنی 2020 کے لیے تیار نہیں تھی جس میں ایک وبائی مرض نے اسمارٹ فون مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے، درحقیقت رواں برس کو 5 جی اور فولڈ ایبل فونز کے باعث دوبارہ بہتری کا سال قرار دیا گیا تھا۔
مگر جو اعدادوشمار اب سامنے آرہے ہیں وہ چونکا دینے والے ہیں۔
نوول کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران اسمارٹ فون مارکیٹ کو اپنی تاریخ کی سب سے بڑی کمی کا سامنا ہوا ہے۔
اسمارٹ فون مارکیٹ ریسرچر گارٹنر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اپریل سے جون کے دوران اسمارٹ فون کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 20.4 فیصد کمی آئی۔
گارٹنر نے ہی مئی میں اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا تھا کہ جنوری سے مارچ کے دوران اسمارٹ فونز کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 20.2 فیصد کمی دیکھنے میں آئی تھی۔
نئی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کووڈ 19 کے نتیجے میں لاک ڈاؤنز اور معاشی سست روی کے نتیجے میں لوگوں کی اسمارٹ فونز میں دلچسپی میں مزید کمی آئی ہے۔