اوہایو: ایک تازہ تحقیق میں ماہرینِ فلکیات نے اندازہ لگایا ہے کہ ہماری کہکشاں میں ’یتیم سیاروں‘ کی تعداد ستاروں سے بھی زیادہ، یعنی کئی کھرب ہوسکتی ہے۔ ’یتیم‘ یا ’بدمعاش‘ سیارے وہ ہوتے ہیں جو کسی ستارے کے گرد چکر نہیں لگا رہے ہوتے بلکہ خلاء میں آزادانہ آوارہ گردی کررہے ہوتے ہیں۔
اب تک کے محتاط ترین اندازوں کے مطابق، ہماری ملکی وے کہکشاں میں ستاروں کی تعداد 100 ارب (ایک کھرب) سے لے کر 400 ارب (چار کھرب) تک ہوسکتی ہے۔ (جی ہاں! یہ سچ ہے کہ ہم ابھی تک خود اپنی ہی کہکشاں کے بارے میں پورے وثوق سے یہ بات نہیں جانتے۔)
’’ایسٹرونومیکل جرنل‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، اوہایو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین نے تخمینہ لگایا ہے کہ ہماری اپنی ’’ملکی وے‘‘ کہکشاں میں یتیم سیاروں کی تعداد 400 ارب سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔
امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’’ناسا‘‘ کی ’’نینسی گریس رومن خلائی دوربین‘‘ جو 2025 تک خلاء میں بھیجنے کا منصوبہ ہے، دوسرے ستاروں کے گرد سیارے ڈھونڈنے کے علاوہ یتیم سیاروں کی تلاش بھی کرے گی۔ اس مقصد کےلیے یہ اپنے حساس آلات استعمال کرتے ہوئے ’’مائیکرولینسنگ‘‘ نامی قدرتی مظہر سے استفادہ کرے گی۔