وبا کے باوجود متعدد ممالک کے سینما کھل گئے، فلم ’ٹینیٹ‘ ریلیز

237

ہولی وڈ پروڈکشن ہاؤس وارنرز بردارز نے گزشتہ ماہ جولائی کے آخر میں ہی اعلان کیا تھا کہ وہ اگست کے آخری ہفتے کے آغاز میں اپنی ایکشن تھرلر فلم ’ٹینیٹ‘ ریلیز کرے گا۔

وارنر بردارز نے اعلان کیا تھا کہ ’ٹینیٹ‘ کو 26 اگست سے دنیا بھر میں ریلیز کرنا شروع کردیا جائے گا اور اب مذکورہ فلم کو جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کردیا گیا۔

ٹینیٹ نے ریلیز کے ابتدائی دو دن میں کورونا کے باوجود اچھی کمائی کی اور کئی ماہ کے بعد سینما کھلنے کے بعد لوگوں نے خوشی خوشی سینما ہاؤسز کا رخ کیا۔

رپورٹ کے مطابق ’ٹینیٹ‘ کی نمائش کے موقع پر ملک کے مختلف ممالک میں جہاں سینما ہاؤسز کھولے گئے ہیں، وہیں سخت احتیاطی تدابیر پر بھی اختیار کی جا رہی ہیں۔

’ٹینیٹ‘ کو پروڈیوس کرنے والے پروڈکشن ہاؤس وارنر برادرز کے مطابق آنے والے کچھ دنوں میں ’ٹینیٹ‘ کو مزید 70 کے قریب ممالک میں ریلیز کیا جائے گا۔

’ٹینیٹ‘ نے جہاں وبا کے باوجود اچھی کمائی کی، وہیں متعدد شوبز ویب سائٹس نے فلم کو اچھی ریٹنگ بھی دی۔

’ٹینیٹ‘ کی ریلیز کے حوالے سے شوبز ویب سائٹ ورائٹی نے بتایا کہ فلم نے سب سے اچھی کمائی جنوبی کوریا میں کی، جہاں فلم نے پہلے ہی دن ساڑھے تین لاکھ ڈالر جب کہ دوسرے دن ساڑھے چار لاکھ ڈالر تک کمائے۔

اسی طرح ’ٹینیٹ‘ کی ریلیز کے بعد جنوبی کوریا کے سینما ہاؤسز میں لوگوں کا رش دیکھا جا رہا ہے اور سب سے زیادہ رش دارالحکومت سیول کے سینما ہالز میں ہے۔