امریکا کے محکمہ صحت اور طبی تحقیق کے ادارے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے بلڈ پلازما سے دوسرے مریضوں کا ہنگامی بنیادوں پر علاج کرنے کی منظوری دے دی۔
امریکا میں پہلے ہی کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے بلڈ پلازما کے کورونا کے مریضوں پر تجربات کیے جا رہے تھے اور کئی ماہرین صحت اس بات پر متفق تھے کہ مذکورہ طریقہ ہنگامی بنیادوں پر مفید ہوتا ہے۔
تاہم متعدد امریکی ماہرین صحت کا خیال تھا کہ بلڈ پلازما سے علاج پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے، تاہم ایف ڈی اے پر دباؤ تھا کہ وہ مذکورہ طریقے سے مریضوں کے علاج کی اجازت دے۔
حالیہ دنوں میں وائیٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیداروں اور یہاں تک کہ خود ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایف ڈی اے پر سیاسی بنیادوں پر کورونا کے مریضوں کے علاج کے طریقوں کی منظوری نہ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔