سابق کرکٹر ظہیر عباس آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

306

لاہور:پاکستان کے سابق کرکٹر ظہیر عباس کو انڑنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت پر ظہیر عباس کو مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے ظہیر عباس کے شاندار کیرئیر کا اعتراف اور اسے سراہا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ ضرور ظہیر عباس کے سحرمیں مبتلا رہے ہوں گے۔

احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں ظہیر عباس کی ایک خاص اہمیت ہے، ان کا نام کرکٹ کھیلنے والے کے ہر گھر کی زینت بنا۔

انہوں نے کہا کہ ظہیر عباس کی کرکٹ سے وابستگی صرف میدان تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ انہوں نے بطور ایڈمنسٹریٹر آئی سی سی اور پی سی بی میں بہت باوقار انداز میں خدمات سرانجام دیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل حنیف محمد ، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم اور وقار یونس کو بھی اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔