29سالہ گلوکار لائیو سٹریمنگ کے دوران ٹرین حادثے میں ہلاک

196

بخارسٹ:رومانیہ میں 29سالہ گلوکار تیوی پوستیو سوشل میڈیا پر لائیو سٹریمنگ کرتے ہوئے ٹرین حادثے میں ہلاک ہو گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق تیوی پوستیو اپنے 24 سالہ اہلیہ کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہا تھا۔ اس کی بیوی گاڑی چلا رہی تھی۔ تیوی کی لائیو سٹریم ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ معروف پاپ فوک گیت ’مینیلی‘ پر سیٹ پر بیٹھا ڈانس کر رہا ہوتا ہے جبکہ اس کی بیوی گاڑی چلا رہی ہوتی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ریلوے کراسنگ آنے پر اس کی اہلیہ دونوں طرف سے ریلوے ٹریک کو دیکھتی ہے تاہم وہ ایک طرف سے آتی تیزرفتار ٹرین کو دیکھنے میں ناکام رہتی ہے اور گاڑی گزارنے لگتی ہے۔ جونہی گاڑی ٹریک پر آتی ہے، تیوی کو ٹرین نظر آ جاتی ہے اور اس کے چہرے کا رنگ فق ہو جاتا ہے۔ اگلے ہی لمحے ٹرین کی گاڑی سے ٹکر ہو جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں تیوی کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی جبکہ اس کی اہلیہ ہسپتال میں ہے جہاں اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔