مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے آفیسر کی سرکاری پستول سے خودکشی

321

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے فوجی اڈے میں انڈین ایئر فورس کے آفیسر نے سرکاری پستول سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کے علاقے کالو چک میں فوجی کیمپ میں تعینات بھارتی فضائیہ کے 53 سالہ وارنٹ آفیسر پال سنگھ نے سرکاری پستول سے خود کشی کرلی۔ آفیسر کا تعلق ریاست اتر پردیش سے تھا۔

گولی کی آواز سن کر جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ساتھیوں نے پال سنگھ کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں زیادہ خون بہہ جانے کے باعث آفیسر نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش آبائی گاؤں روانہ کردی جائے گی۔

آفیسر کی خودکشی کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے، واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ رواں ماہ انڈین ایئرفورس کے اہلکار کی خوکشی کا یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل 8 اگست کو ایک اہلکار نے ادھمپور میں خودکشی کی تھی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 2007 سے تاحال بھارتی فوج کی پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث اہلکاروں کی خود کشی اور آپسی جھگڑے کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 467 ہوگئی ہے۔