برٹنی اسپیئرز کے والد مزید کچھ مدت کیلئے ان کے سرپرست مقرر

274

کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کی سپریم کورٹ نے 38 سالہ گلوکارہ و اداکارہ برٹنی اسپیئرز کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ان کے والد کو مزید 6 ماہ تک ان کا سرپرست مقرر کردیا۔

برٹنی اسپیئرز نے 17 اگست کو عدالت میں والد کی سرپرستی ختم کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔

برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی اسپیئرز 2008 سے ان کے قانونی سرپرسٹ (conservator) ہیں۔

امریکی عدالت نے 2008 میں برٹنی اسپیئرز کی ذہنی حالت خراب ہونے کے بعد (conservatorship) قانون کے تحت ان کے والد اور ایک وکیل کو ان کا سرپرست مقرر کیا تھا۔

عدالت نے گلوکارہ کے لیے قانونی سرپرستوں کا تقرر اس وقت کیا تھا جب عدالت نے دیکھا کہ برٹنی اسپیئرز اپنے مالی اور جسمانی سمیت دیگر معاملات خود سنبھال نہیں پا رہیں اور ذہنی حالت خراب ہونے کے باعث وہ اپنا برا بھلا نہیں سمجھ رہیں۔

اداکارہ کی یہ حالت اس وقت ہوئی جب ان کی دوسری شادی 42 سالہ گلوکار کیون فیڈرلائن سے طلاق پر ختم ہوئی اور انہیں اپنے 2 کم سن بچوں کی حوالگی کے لیے قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔