امیزون پرائم کی سشانت کی زندگی پرمبنی ویب سیریزمیں پاکستانی اداکارکیساتھ کام کی تردید

273

ممبئی: امیزون پرائم نے بھارتی اداکارسشانت سنگھ کی زندگی پرمبنی ویب سیریزمیں پاکستانی اداکارحسن خان کے ساتھ کام کرنے کی تردید کردی۔

چند روز قبل نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنس آرٹس (ناپا) سے اداکاری کی تربیت حاصل کرنے والے پاکستانی اداکارحسن خان نے سوشل میڈیا پرخبر شیئر کی تھی کہ خودکشی کرنے والے بھارتی اداکارسشانت سنگھ زندگی پر بننے والی ویب سیریز میں مرکزی کردار کے لیے ان کا انتخاب کرلیا گیا ہے اوریہ ویب سیریز امیزون پرائم پر دکھائی جائے گی۔

 

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور بھارت میں بھی یہ خبر وائرل ہونے کے بعد امیزون پرائم کے آفیشل بیان میں ایسی کسی بھی خبر کی تردید کی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امیزون پرائم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ایسا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا اورنہ ہی انہوں نے بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ کی زندگی پر بننے والی ویب سیریز میں حسن خان کی خدمات حاصل  کی ہیں۔

اس کے علاوہ امیزون پرائم ویڈیو نے کہا ہے کہ انہوں نے اداکار حسن خان یا کسی اور کو سشانت سنگھ راجپوت کے حوالے سے بننے والے کسی پراجیکٹ کو کمیشن یا لائسنس نہیں دیا ہے۔