ترک صدر کا آیا صوفیہ کے بعدکاریہ چرچ میوزیم کو بھی دوبارہ مسجد بنانے کا اعلان

328

انقرہ: ترک صدر طیب اردگان نے آیا صوفیہ کے بعد تاریخی حیثیت کے حامل کاریہ گرجا گھر میوزیم کو دوبارہ سے مسجد بنانے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردگان نے استنبول میں واقع تاریخی حیثیت کی حامل عمارت کاریہ گرجا گھر میوزیم کو دوبارہ سے پرانی حیثیت یعنی مسجد کی صورت میں بحال کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

ہزار سالہ تاریخی عمارت کاریہ گرجا گھر استنبول میں گولڈن ہارن کے مغربی کنارے پر واقع ہے، آیا صوفیہ کی عمارت کی بطور مسجد بحالی کے صرف ایک ماہ بعد کاریہ گرجا گھر میوزیم کی بھی مسجد کی بحالی کا حکم دیا گیا ہے۔ ان دونوں تاریخی عمارت کی بطور مسجد بحالی کا حکم عدالت نے گزشتہ برس نومبر میں دیا تھا۔

کاریہ چرچ کو 16 ویں صدی میں مسجد میں تبدیل کردیا گیا تھا جب کہ 1948 میں تاریخی حیثیت کی حامل اس عمارت کو میوزیم بنادیا گیا تھا تاہم اب دوبارہ اس میوزیم کو مسجد میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ صدر طیب اردگان نے اپنی انتخابی مہم میں ملک کی دو اہم تاریخی عمارتوں کی بطور مسجد بحالی کا وعدہ کیا تھا۔ گزشتہ ماہ آیا صوفیہ اور اب کاریہ گرجا گھر کی مسجد میں تبدیلی سے اپنا وعدہ وفا کردیا۔