ایران نے ’سمندری حدود‘ کی خلاف ورزی پر یو اے ای کا جہاز تحویل میں لے لیا

215

ایران نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک جہاز نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کی جس پر جہاز کو تحویل میں لے لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ یو اے ای کے ساحلی محافظوں نے اسی دن 2 ایرانی ماہی گیروں کو ہلاک کیا ہے۔

واضح رہے کہ یو اے ای اور اسرائیل کے مابین معاہدے کے بعد ایران اور ابوظہبی کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

سرکاری ٹی وی کا حوالے دے کر بتایا گیا کہ 17 اگست کو ایک اماراتی جہاز کو ایران کے سرحدی محافظوں نے قبضے میں لیا جو تہران کی بحری حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسی دن یو اے ای نے 2 ایرانی ماہی گیروں کو گولی مار کر ہلاک کیا اور ایک کشتی بھی اپنی تحویل میں لے لی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے اس واقعے پر تہران میں اماراتی ناظم الامور کو طلب کیا۔

دوسری جانب اماراتی وزارت خارجہ نے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔