ایران میں کرونا وائرس سے اموات 20 ہزار ہو گئیں

252

تہران: ایرانی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے اموات 20 ہزار ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران دنیا کے 213 ممالک میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 11 ویں نمبر پر آ چکا ہے، جہاں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 47 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایران میں 3 لاکھ 800 کرونا مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ فعال کیسز کی تعداد 27 ہزار ہے، جن میں سے 3 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 7 لاکھ 84 ہزار 800 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر 2 کروڑ 23 لاکھ 27 ہزار ہو گئی ہے، کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد بھی ڈیڑھ کروڑ ہو چکی ہے۔

سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں اب تک 1 لاکھ 75 ہزار مریضوں کی جان جا چکی ہے جب کہ 65 لاکھ 56 ہزار کرونا وائرس کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ امریکا میں اب تک 7 کروڑ 23 لاکھ 70 ہزار سے زائد ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔

برازیل بھی ان بدقسمت ممالک میں سے سر فہرست ہے جہاں کرونا وائرس نے بے پناہ تباہ مچائی، اب تک برازیل میں وائرس سے 1 لاکھ 10 ہزار مریض جانوں سے محروم ہو چکے ہیں، جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 34 لاکھ 11 ہزار ہے، جب کہ ٹیسٹ 1 کروڑ 37 لاکھ 29 ہزار سے زائد کیے گئے ہیں۔