لیجنڈ کھلاڑی جان شیر خان کا کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا خیر مقدم

256

اسلام آباد:سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے حکومت کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنے پر خیر مقدم کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے جان شیر خان نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملک میں کھیل اور کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہوا ہے لیکن اس نقصان کو پورا کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو سخت سے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث کھلاڑی چار ماہ تک اپنے اپنے گھروں تک محدود رہے، لیکن کھلاڑیوں نے اپنی اپنی فزیکل فٹس پر ضرور توجہ دی ہوگی لیکن کھیل کے میدان میں پریکٹس بہت ضرورت ہوگی۔

جان شیر خان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں آہستہ آہستہ بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں تاہم کھلاڑیوں کو ایس او پیز پر ضرور عمل کرنا ہوگا۔

سابق عالمی چیمپئن نے کہا کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سکواش کورٹ بنانے کی ضرورت ہے اور دیہاتی سطح پر کافی بچوں کو اس کھیل کے متعلق علم نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کھیل اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کھیل کو حکومتی اور سپانسر کی سر پرستی حاصل نہ ہو۔

انہوں نے سپانسر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں پر توجہ دے۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت ملک میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے۔