کروناوائرس: سعودی وزارت صحت کا ایک اور اہم بیان

388

ریاض: سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وہ مریض جو کرونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں انہیں دوبارہ ٹیسٹ کروانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن احتیاطی تدابیر ہرگز نہ چھوڑیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت نے کرونا وائرس سے متعلق نئے ہدایت نامے میں کہا ہے کہ کرونا سے صحت یاب ہونے یا متاثرہ مریض دونوں ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھیں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔

ہدایت کی گئی ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا افراد کے کپڑے گرم پانی جس کا درجہ حرارت ساٹھ سے ستر ڈگری سینٹی گریڈ ہو میں دھوئیں، کپڑے دھوتے ہوئے پانی میں جراثیم کش محلول کا استعمال لازمی طور پر کریں۔

محکمہ صحت نے مشورہ دیا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے دروازوں پر جراثیم کش اسپرے یا مواد کا استعمال کریں تاکہ مہلک وائرس دوسروں میں منتقل نہ ہو، کرونا مریض کے لیے ہوادار کمرہ بھی ضروری ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا مریضوں کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی اموات بھی ہوئیں البتہ حکومت نے اپنے اقدامات بڑھا دیے ہیں۔